اسلام آباد(الفجرآن لائن)شدید گرمی اور حبس میں ملک بھر میں طویل دورانیے کی بجلی بندش جاری ہے، شارٹ فال کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 16 گھنٹے تک پہنچ گیا
زرائع کے مطابق شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے ملک کے جنوبی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں، جنوبی پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے
ملک کے بڑے شہری علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ تقریباً 6 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں 12 گھنٹے تک ہے۔
بجلی چوری اور زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر رہا ہے،جبکہ ملک بھر میں رات کے اوقات میں بجلی کی بندش زیادہ ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں،
حکام کے مطابق بجلی کی فراہمی میں بہتری کا انحصار آر ایل این جی کارگو کی بروقت آمد پر ہے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے انتیس اگست کو سامنے آنے والے پہلے اور باضابطہ مؤقف کے مطابق آر ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کی پیداوار میں تقریباً 3 ہزار 600 میگاواٹ کمی ہوئی،
جبکہ منگلا ہائیڈرو پاور منصوبے سے بھی پیداوار تقریباً 195 میگاواٹ کم ہے،جبکہ پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی کی دستیابی سے بجلی کی پیداوار میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

