جرمنی نے پاکستان کا چار ورلڈ کپ ٹائٹلز کا ریکارڈ بھی برابر کردیا،مائیکل اسٹروتھوف نے فیصلہ کن گول کیا اسپین نے 1998 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنائی تاہم ناکام رہا
واورے (الفجر آن لائن) جرمنی نے سنسنی خیز مقابلے میں اسپین کو 1-0 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ جرمنی نے چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے چار عالمی ٹائٹلز کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔ بیلفیئس ہاکی ایرینا واورے میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ ابتدائی دو کوارٹرز میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، جبکہ اسپین نے کئی مواقع پیدا کیے لیکن جرمن دفاع نے تمام حملوں کو ناکام بنائے رکھا۔میچ کے تیسرے کوارٹر کے آخری لمحات میں مائیکل اسٹروتھوف نے جرمنی کی جانب سے فیصلہ کن گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی۔ یہی گول آخرکار میچ کا فیصلہ کن ثابت ہوا۔ایک گول کے خسارے کے بعد اسپین نے آخری کوارٹر میں بھرپور حملے کیے اور برابری کی کوشش کی، تاہم جرمنی کی مضبوط دفاعی حکمت عملی کے سامنے اسپین کے تمام حملے بے اثر ثابت ہوئے۔جرمنی نے اس کامیابی کے ساتھ مسلسل دوسری مرتبہ ہاکی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا اور پاکستان کے بعد چار مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے والی ٹیم بن گئی۔ دوسری جانب اسپین نے 1998 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنائی تھی، تاہم فیصلہ کن معرکے میں جرمنی کے خلاف کامیابی حاصل نہ کرسکا

