اسلام آباد (الفجرآن لائن) آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز کی بندش کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، آزاد کشمیر حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ کو انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کے لیے باضابطہ درخواست ارسال کردی،
جس کے بعد آج سے 8 اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز مرحلہ وار بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ سروس کی بندش کا فیصلہ سوشل میڈیا صارفین کے رویے سے مشروط قرار دیا گیا ہے
محکمہ داخلہ آزاد کشمیر کے نوٹیفکیشن کے مطابق مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز کی بحالی مرحلہ وار ہوگی، تاہم بعض علاقوں میں سہولت صرف تعلیمی اداروں اور بینکوں تک محدود رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویڑن کے مختلف علاقوں میں DSL اور 3G/4G سروسز بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مظفرآباد ضلع میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے صرف DSL سروس دستیاب ہوگی، جبکہ باغ شہر اور دھیرکوٹ میں بھی تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے محدود DSL سروس بحال کی جائے گی۔
حویلی کہوٹہ میں DSL اور 3G/4G انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے گی، جبکہ میرپور اور بھمبر کے مکمل اضلاع میں DSL انٹرنیٹ سروس دستیاب ہوگی۔
کوٹلی میں تعلیمی اداروں اور بینکوں کے لیے DSL سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق سہنسہ، سرساوہ، بلوچ اور تتہ پانی میں DSL سروس بحال نہیں کی جائے گی،
جبکہ راولاکوٹ اور سدھنوتی میں فی الحال انٹرنیٹ سروس بحال نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں تعلیمی اداروں کے سربراہان اور بینک برانچز کے ذمہ داران کو حلف نامے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ حلف نامے میں اس امر کی یقین دہانی شامل ہوگی کہ انٹرنیٹ کنکشنز کو ریاستی مفادات، قومی سلامتی اور عوامی نظم کے خلاف استعمال نہیں کیا جائے گا۔
آزاد کشمیر حکومت نے وفاقی وزارت داخلہ سے انٹرنیٹ سروسز کی بحالی کی درخواست کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئندہ انٹرنیٹ کی بندش یا بحالی سے متعلق فیصلے حالات اور سوشل میڈیا صارفین کے رویے کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔

