کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا،
جس میں ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO)، ڈرگ انسپکٹرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانوں اور دیگر مقامات پر کھلے خشک دودھ کو مختلف برانڈز یا بچوں کی تصاویر والے مقامی مارکہ جات کے نام سے فروخت کرنے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق ایسے کھلے خشک دودھ پر ایکسپائری ڈیٹ اور دیگر ضروری معلومات درج نہیں ہوتیں، جبکہ اس کی غیر محفوظ فروخت بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ اور خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام دکانداروں کو سختی سے تنبیہ کی کہ کھلا خشک دودھ فروخت کرنے سے فوری طور پر گریز کریں۔
کسی بھی دکان یا گودام سے کھلا خشک دودھ برآمد ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی، گرفتاری اور دکان سیل کرنے سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس میں میڈیکل اسٹورز پر بھی کھلے خشک دودھ کی فروخت پر بھی مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا،جبکہ شہر بھر کے میڈیکل اسٹورز کی چیکنگ بھی کی جائے گی۔
اس مقصد کے لیے محکمہ فوڈ اتھارٹی، محکمہ صحت، ڈرگ انسپکٹرز اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو مختلف علاقوں میں کارروائیاں اور معائنہ کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بچوں کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

