اسلام آباد(الفجرآن لائن)وفاقی وزیرِ پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سانحہ پمز میں اللہ کو پیارے ہونے والے تمام متاثرین کے خاندانوں کے لئے 50،50 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا گیا ہے،13 متاثرہ ماؤں کو چیک دئیے جا چکے ہیں۔
پمز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مالی امداد متاثرہ خاندانوں کے دکھ اور نقصان کا مداوا نہیں تاہم جو کچھ حکومت کے بس میں ہے اس کے تحت متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لئے یہ امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13 متاثرہ خاندانوں کو امدادی چیک فراہم کئے جا چکے ہیں جبکہ ایک خاندان باقی ہے جسے بھی جلد امدادی چیک فراہم کر دیا جائے گا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پمز ہسپتال میں علاج کے لئے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین ملک کے مختلف علاقوں،پشاور سے کشمیر تک سے آتے ہیں،
پمز ہسپتال 1985 میں قائم ہوا تاہم اس نوعیت کا افسوسناک واقعہ اس سے قبل کبھی پیش نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ پمز کے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ متاثرین کو علاج اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور خدمات انجام دے رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر واقعہ کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں ذمہ دار ڈاکٹرز اور انتظامی افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

