*گورنر بلوچستان نے زیارت کراس اور نوکچہ چاغی میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آپہنچا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی اور تخریب کاری کے خلاف پوری قوم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے۔ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی نے بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا جس پر تمام سیکیورٹی فورسز خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ عوام دیرپا امن و امان کے قیام کیلئے حکومتی کوششوں میں بھرپور تعاون کریں*
کوئٹہ(الفجرآن لائن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے زیارت کراس ڈسٹرکٹ پشین اور نوکچہ ضلع چاغی میں دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وقت آپہنچا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی اور تخریب کاری کے خلاف پوری قوم اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور کامیاب کارروائی نے بڑے جانی و مالی نقصان سے بچا لیا جس پر تمام سیکیورٹی فورسز خراجِ تحسین کی مستحق ہیں۔گورنر مندوخیل نے کہا کہ عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور امن و امان کو سبوتاژ کرنے کے دہشت گردوں کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ گورنر جعفر خان مندوخیل نے عوام پر زور دیا کہ وہ دیرپا امن و امان کے قیام کیلئے حکومتی کوششوں میں بھرپور تعاون کریں اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنائیں۔

