راولپنڈی(الفجر آن لائن)پاک بحریہ کی بڑی بحری مشق سی اسپارک 2026 کا کراچی میں آغاز ہوگیا، نیول چیف نے مشق کی افتتاحی بریفنگ کی صدارت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی تیاری، سمندری خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں آپریشنل استعداد کا جائزہ لینا ہے۔ مشق میں پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز، آبدوزیں، طیارے اور بغیر پائلٹ نظام حصہ لے رہے ہیں، جبکہ میرینز، اسپیشل فورسز کے علاوہ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے دستے بھی مشق کا حصہ ہیں۔ سی اسپارک 2026 کے دوران روایتی اور ابھرتے ہوئے سمندری خطرات سے نمٹنے کی مشق کی جارہی ہے۔ مشق میں ملٹی ڈومین آپریشنز کے تحت سمندری، فضائی، زمینی، سائبر اور خلائی صلاحیتوں کو مربوط کیا جارہا ہے۔ مشق میں انفارمیشن ماحول میں آپریشنز اور معلوماتی جنگ پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے، جس کا مقصد معلوماتی جنگ کے میدان میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کی تیاری کو مزید موثر بنانا ہے۔اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول میں غیر متزلزل جنگی تیاری ناگزیر ہے، انہوں نے تینوں سروسز کے درمیان تعاون کو مزید موثر بنانے پر بھی زور دیا۔ نیول چیف نے پی این فلیٹ یونٹس کا دورہ کرکے جاری آپریشنز کا جائزہ بھی لیا، سی اسپارک 2026 میں سمندر میں کائنیٹک آپریشنز کے ساتھ ساتھ معلوماتی جنگ سے نمٹنے کی تیاریوں کی بھی مشق کی جارہی ہے۔

