کراچی(الفجرآن لائن) ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون منتظر مہدی کی ہدایات اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی کی نگرانی میں ایف آئی اے CBC کراچی نے غیر قانونی کرنسی ڈیلرز اور ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایچ اے فیز-II ایکسٹینشن، سن سیٹ لین، کراچی ساؤتھ میں واقع ایک نجی بینک کے قریب ٹارگٹڈ ریڈ کیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران محمد نعمان، زیشان جاوید شیخ، منصور اور ملیحہ ناز ہاشمی کو مبینہ طور پر غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کے لین دین میں ملوث پاتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 25 ہزار امریکی ڈالر، 4 کروڑ 70 لاکھ ایرانی ریال، 50 ہزار پاکستانی روپے، ایک سوزوکی آلٹو گاڑی اور 5 موبائل فونز برآمد ہوئے۔
موبائل فونز میں مبینہ غیر قانونی ہنڈی/حوالہ لین دین سے متعلق اہم ڈیجیٹل شواہد موجود ہیں۔
گرفتار ملزمان اور برآمد شدہ کرنسی و دیگر سامان کو ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی منتقل کر کے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

