بلوچستان سے میرا تعلق سیاسی نہیں، جذباتی اور خاندانی ہے؛ تین نسلوں کا رشتہ نسل در نسل چل رہا ہے: سردار ایاز صادق
بلوچستان پاکستان کا اہم ترین صوبہ ہے، وفاق مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا: اسپیکر قومی اسمبلی
حکومت اور اپوزیشن کا ایک ساتھ بیٹھنا بلوچستان کے مثبت سیاسی کلچر کا مظہر ہے: وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجرآن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ کے وزراء اور اپوزیشن اراکین سے اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بلوچستان سے ان کا تعلق محض سیاسی نہیں بلکہ انتہائی جذباتی اور خاندانی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کی تین نسلوں کا اس دھرتی سے گہرا رشتہ ہے اور یہ محبت نسل در نسل چلی آ رہی ہے۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بلوچستان ان کے لیے قطعاً اجنبی نہیں ہے، یہاں کے لوگوں سے ان کا دیرینہ تعلق ہے اور یہاں آکر ہمیشہ اپنائیت اور گھر جیسا احساس ہوتا ہے۔
سردار ایاز صادق نے بلوچستان کی روایات اور مہمان نوازی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی مٹی اور لوگ ان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کے تمام اراکینِ اسمبلی اور عام عوام کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ اسپیکر نے زور دیا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے اہم صوبہ ہے اور اس کی ترقی دراصل پورے پاکستان کی ترقی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے عوام کی خوشحالی، ترقی اور درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے اپنا ہر ممکنہ تعاون اور سرپرستی جاری رکھے گی۔
ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی کی کوئٹہ آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سردار ایاز صادق کی تشریف آوری ہمارے لیے باعثِ مسرت اور باعثِ عزت ہے۔ صوبے کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جمہوری روایات اور باہمی احترام کا رشتہ انتہائی مضبوط ہے۔ اگرچہ ایوان میں ایک دوسرے پر سیاسی تنقید کی جاتی ہے، مگر اخلاقی اقدار کو کبھی ہاتھ سے جانے نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا آج ایک ساتھ بیٹھنا بلوچستان کے مثبت سیاسی کلچر اور یہاں کے روایتی حسن کا عکاس ہے، جو باہر سے آنے والے مہمانوں کو ایک یکجہتی اور امن کا مثبت پیغام دیتا ہے۔

