راولپنڈی (الفجرآن لائن)ریسکیو ٹیموں نے نیو گلزار قائد کے برساتی نالے میں ڈوبنے والی کمسن بچی کی لاش تلاش کر لی۔13 سالہ اریبہ کی لاش تیسرے روز اڈیالہ روڈ پر جھاوریاں کے قریب سے ملی جبکہ سٹی صدر روڈ پر نالہ لئی میں چھلانگ لگانے والے لڑکے کی لاش نہ مل سکی۔ 31 اگست کو نیو گلزار قائد کے علاقے میں ساتھی بچوں کے ساتھ کھیلتی 13 سالہ اریبہ برساتی پانی میں گرنے سے قریبی برساتی نالے میں بہہ گئی تھی
جس کی تلاش میں ریسکیو ٹیمیں 3 روز سے لائن سرچ، بوٹ سرچ اور بنک سرچ کے ذریعے سرگرداں تھیں تاہم بدھ کی سہ پہر اریبہ کی لاش مل گئی جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا
دریں اثنا سٹی صدر روڈ پر نالہ لئی میں چھلانگ لگانے والے جواں سال لڑکے کی لاش نہ مل سکی نامعلوم لڑکے نے بدھ کی صبح اچانک نالہ لئی میں چھلانگ لگا دی تھی ریسکیو ذرائع کے مطابق سٹی صدر روڈ نالہ لئی میں ڈوبنے والے لڑکے کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم لڑکے کے عمر 20 سال سے قریب بتائی جا رہی ہے جس کی تلاش میں سرچ آپریشن شام تک جاری رہا۔

