کوئٹہ(الفجرآن لائن) پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کے منصوبے میں پیش رفت جاری ہے، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نے کوئٹہ اور پشین کے 10 پی ٹی ایس ایم سیز کو دوسری، تیسری اور چوتھی قسط کی مد میں مجموعی طور پر 12.58 ملین روپے کے چیکس جاری کر دیے۔چیکس کی تقسیم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کی صدارت سیکریٹری محکمہ تعلیم لعل جان جعفر نے کی۔ تقریب کے دوران کوئٹہ اور پشین کے مختلف اسکولوں میں جاری اضافی کمروں کی تعمیر کے کام کا اسکول واز جائزہ لیا گیا، جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر نجیب اللہ ترین نے پروجیکٹ سے متعلق پیش رفت، تعمیراتی معیار اور قسط وار فنڈز کے اجراء کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ 10 اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے لیے مجموعی طور پر 35.28 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، جبکہ تعمیراتی کام کی پیش رفت کے مطابق اب تک دوسری، تیسری اور چوتھی قسط کی مد میں 12.58 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں۔
نجیب اللہ ترین نے تقریب کے شرکاء کوبتایا کہ منصوبے کے تحت فنڈز مرحلہ وار جاری کیے جاتے ہیں۔ ہر قسط تعمیراتی کام کی مقررہ تکمیل، سماجی اور تکنیکی معیار کے مطابق جانچ اور کوالٹی کنٹرول کے بعد جاری کی جاتی ہے۔ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے تکنیکی عملے اور عملدرآمدی شراکت داروں آئی ای کیو اے اور ایس ایم آئی پی کی جانب سے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے اور مقررہ معیار پر پورا اترنے کی تصدیق کے بعد ہی اگلی قسط جاری کی جاتی ہے۔سیکریٹری محکمہ تعلیم لعل جان جعفر نے منصوبے کو سراہتے ہوئے پی ٹی ایس ایم سیز کے ذریعے اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے عمل کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی کارکردگی اور منصوبے میں شفافیت کو بھی سراہا اور خصوصاً پراجیکٹ ڈائریکٹر نجیب اللہ ترین اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔اس موقع پر پی ٹی ایس ایم سیز کے چیئرپرسنز اور ہیڈ ٹیچرز نے بھی منصوبے کے حوالے سے اپنے تجربات اور آراء کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنے متعلقہ اسکولوں سے متعلق مسائل اور ضروریات سیکریٹری محکمہ تعلیم کے سامنے پیش کیں، جنہیں سنا گیا اور ان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریب کے بعد سیکریٹری محکمہ تعلیم نے پراجیکٹ ڈائریکٹر نجیب اللہ ترین کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس بھی کیا، جس میں منصوبے کی مجموعی پیش رفت، تعمیراتی کام کے معیار، شفافیت اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔دورے کے اختتام پر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی جانب سے سیکریٹری محکمہ تعلیم لعل جان جعفر کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی، جبکہ ریجنل کوآرڈینیٹرز اور انجینئرز کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کے تحت اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا عمل شفافیت، معیار اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق جاری رکھا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

