اسلام آباد(الفجر آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت صحت کے شعبے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں طبی و انتظامی امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صحت کے شعبے کی مؤثر نگرانی اور عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے وفاقی وزیر صحت اور وفاقی سیکرٹری صحت خود پمز ہسپتال میں موجود رہ کر معاملات کی نگرانی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک دن وفاقی وزیر صحت پمز ہسپتال میں بیٹھ کر طبی امور کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔
اس دوران ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے کے انتظامات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایک دن وفاقی سیکرٹری صحت پمز ہسپتال میں موجود رہ کر انتظامی اور طبی معاملات کی نگرانی کریں گے۔
اس اقدام کا مقصد ہسپتال کے انتظامی امور اور طبی سہولیات سے متعلق مسائل کا براہِ راست جائزہ لینا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں صحت کے شعبے سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور متعدد فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر، بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صحت کے شعبے میں بہتری اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکام کو مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر صحت اور وفاقی سیکرٹری صحت کی پمز ہسپتال میں براہِ راست موجودگی کے ذریعے ہسپتال کے طبی اور انتظامی معاملات کو قریب سے مانیٹر کیا جائے گا، جبکہ مسائل کی نشاندہی کے بعد ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

