اسلام آباد (الفجرآن لائن) ملک میں بجلی کی طلب میں مسلسل اضافے کے باعث بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا، جس کے نتیجے میں شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع پاور ڈویڑن کے مطابق بجلی کی مجموعی طلب 25 ہزار 500 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہائیڈل سمیت مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار تقریباً 19 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر تقسیم کار کمپنیاں لوڈ مینجمنٹ کر رہی ہیں، جبکہ ڈسکوز کو دستیاب کوٹے کے مطابق بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ شارٹ فال کے باعث شہری علاقوں میں 6 سے 9 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 13 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی کی ایک بڑی وجہ آر ایل این جی کی عدم دستیابی بھی ہے، جبکہ منگلا ڈیم سے بجلی کی کم پیداوار بھی شارٹ فال میں اضافے کا سبب بن رہی ہے

