قلات اور بھاگ کچھی میں کامیاب کارروائیاں: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کا فورسز کو خراجِ تحسین
کوئٹہ (الفجرآن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں سیکیورٹی فورسز جبکہ بھاگ کچھی میں بلوچستان پولیس اور اینٹی ٹیررازم فورس (ATF) کی کامیاب سیکیورٹی کارروائیوں کو شدید سراہا ہے۔ انہوں نے کارروائیوں میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف ریاست کے مضبوط اور غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے فورسز کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے امن کے لیے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور اے ٹی ایف کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔ بھاگ کچھی کے آپریشن کا خاص ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور اے ٹی ایف نے ایک بار پھر اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور امن دشمنوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا رہیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے جس میں عوام اور ریاستی ادارے ایک پیج پر متحد ہیں۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کو نقصان پہنچانے کے اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، اور صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی

