اسلام آباد،لندن (الفجرآن لائن) لندن میں صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان پانچ گھنٹے طویل اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت حکومت کے ساتھ پیپلز پارٹی کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق صدر کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے یا مستقبل کے لیے کوئی مختلف سیاسی حکمت عملی اختیار کرے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سندھ میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے اس معاملے پر احتجاجی سیاست جاری رکھنے اور سندھ اسمبلی میں فریال تالپور کی حالیہ تقریر بھی زیر بحث آئی۔
ذرائع کے مطابق قیادت نے سندھ میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی مخالفت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی کی جانب سے اس معاملے پر اپنا واضح سیاسی مؤقف برقرار رکھنے اور ممکنہ اقدامات کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومت اور پیپلز پارٹی کے تعلقات اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سمیت دیگر اہم امور بھی زیر غور آئے۔

