اسلام آباد،لاہور(الفجر آن لائن)جڑواں شہروں اسلام آباد،راولپنڈ ی میں ہفتہ کے روز بھی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیاجبکہ محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کی سرگرمیاں آ ئندہ 24گھنٹوں میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔واسا حکام کا کہنا ہیکہ نشیبی علاقوں میں واسا کی اضافی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں، نالہ لئی کے اطراف ریسکیو 1122، واسا اور سول ڈیفینس کا عملہ تعینات ہے۔
ادھر نالہ لئی سمیت تمام نالوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے جب کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور دریاؤں کے بالائی کیچ منٹس میں کہیں کہیں شدید سے بہت شدید بارش ہوسکتی ہے،
تاہم آج 6 ستمبر سے مون سون کی سرگرمیوں میں کمی آنا بھی شروع ہوجائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے،خیبر پختونخوا کے مختلف ندی نالوں اور دریائے کابل سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب میں اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، جہلم، خوشاب، لاہور، منڈی بہاۂالدین، میانوالی، نارووال، راولپنڈی، سرگودھا، شیخوپورہ اور سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے ایبٹ آباد، باجوڑ، بونیر، چارسدہ، مانسہرہ، مردان، نوشہرہ، پشاور، سوات اور دیر سمیت متعدد علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے سندھ، جہلم، چناب اور راوی کے بہا میں آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران معمولی اضافے کا امکان ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق تربیلا ڈیم اس وقت زیادہ سے زیادہ حفاظتی سطح پر ہے جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ تقریبا 78 فیصد ہے، دریائے سندھ کے بعض مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ دیگر بڑے دریاں میں بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
شہریوں کو بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط اور ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی سرکاری ویب سائٹ پر روزانہ کی بنیاد پر موسم کی پیشگوئی اور الرٹس جاری کیے جارہے ہیں

