اسلام آباد(الفجرآن لائن) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے یومِ دفاعِ پاکستان کے تاریخی اور پروقار موقع پر مسلح افواج کے شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہمیں اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے دی جانے والی عظیم اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ 1965 کی جنگ میں وطنِ عزیز کے بہادر سپوتوں نے بے مثال شجاعت، دلیری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔
انہوں نے موجودہ دور کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کا وہی تاریخی جذبہ ایک بار پھر "آپریشن بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی میں نمایاں ہوا ہے۔ انہوں نے "معرکۂ حق” کی فتح کو قومی تاریخ کا ایک اور سنہرا باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاک افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، پختہ عزم اور بلند حوصلے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے ملکی ترقی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں مضبوط دفاع کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام اور پائیدار ترقی ہی پاکستان کی حقیقی طاقت کی بنیادی اساس ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک روشن، محفوظ اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر نوجوان نسل سمیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اپنے پیغام کے آخر میں سینیٹر روبینہ خالد نے یومِ دفاع کے موقع پر ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے عزم کی تجدید کی۔ انہوں نے مادرِ وطن پاکستان کے امن، استحکام، یکجہتی اور دائمی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی

