پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب
کراچی(الفجرآن لائن) ایئر آفیسر کمانڈنگ، پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان، ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا ہے کہ یومِ دفاع و شہدائے پاکستان کے موقع پر بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس کا گارڈز کے فرائض سنبھالنا انتہائی باعثِ مسرت اور عظیم اعزاز ہے۔ 6 ستمبر کا دن ہمیں ایک ایسے معرکے کی یاد دلاتا ہے جب قوم اور افواج نے مل کر تاریخ رقم کی تھی۔ بانیِ پاکستان نے ہمیں اتحاد، ایمان اور بے لوث قربانی کا جو درس دیا تھا، یہ دن اسی جذبے کی تجدید کا نام ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر مزارِ قائد پر منعقدہ گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایئر وائس مارشل حسن فیصل کا کہنا تھا کہ 1965 اور 1971 کی جنگیں ہوں یا معرکۂ حق کا کوئی بھی محاذ، پاک فضائیہ نے ہمیشہ فرض کی پکار پر لبیک کہا ہے۔ قومی اور سیاسی قیادت نے ہمیشہ بصیرت کے ساتھ رہنمائی فراہم کی، جبکہ افواجِ پاکستان نے عوامی امنگوں کی عکاسی کرتے ہوئے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتحِ مبین سے نوازا۔ آج ملکی فضائی سرحدوں کا مضبوط دفاع پاک فضائیہ کے محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
ایئر وائس مارشل نے وطنِ عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور ان کے خاندانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہی آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ ہم دفاعِ وطن میں اپنے پیارے قربان کرنے والی عظیم ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کے صبر اور استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان میں شامل ہر فرد اپنے شہدا کی عظیم روایات کا امین ہے اور پاکستان کی خودمختاری اور آزادی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن اپنی خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اگر کسی نے بھی پاکستان کو آزمانے کی ناکام جسارت کی تو وہ یہ یاد رکھے کہ جارحیت کا مقام اور وقت شاید وہ خود منتخب کرے، لیکن اس جارحیت کا جواب کب، کہاں اور کس انداز میں دینا ہے، اس کا فیصلہ صرف اور صرف پاکستان کرے گا۔

