کوئٹہ (الفجر آن لائن)بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس کی صدارت کمیٹی ممبران کے اتفاق سے خیر جان بلوچ نے کی۔
اجلاس میں اراکین اصغر علی ترین اور علی مدد جتک نے شرکت کی جبکہ اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نے بطورِ خاص اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری بلوچستان صوبائی اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات اور ایڈیشنل سیکرٹری قانون سعید اقبال بھی موجود تھے۔
اجلاس میں "دی کوڈ آف کریمنل پروسیجر، 1898(V آف 1898)بلوچستان ترمیمی بل، 2026” پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 میں ترمیم کا بنیادی مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، ہنگامی صورتحال سے مثر طریقے سے نمٹنا اور امن و امان میں خلل کو بروقت روکنا ہے۔
مجوزہ ترمیم کے تحت ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو مخصوص مدت کے ساتھ واضح قانونی اختیار فراہم کیا جائے گا تاکہ اختیارات کے استعمال میں شفافیت اور جوابدہی یقینی بنائی جا سکے۔
کمیٹی نے بل کے مختلف پہلوں کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات کے تقاضوں کے مطابق عوامی تحفظ اور موثر انتظامی حکمرانی کے لیے ایسے قانونی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

