اسلام آباد (الفجرآن لائن): کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی آرٹ گیلری میں پاکستان کی ثقافت، تاریخ اور قدرتی حسن کو اجاگر کرنے کے لیے "فریمز آف فریڈم” کے نام سے ایک شاندار فوٹوگرافی نمائش کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت کی پارلیمانی سیکرٹری، فرح ناز اکبر نے بدھ کے روز اس نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ نمائش کا بنیادی مقصد نوجوانوں کے ٹیلنٹ کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص (سافٹ امیج) اجاگر کرنا ہے۔اس منفرد نمائش میں پاکستان کی ثقافتی یلغار، تاریخی فنِ تعمیر، خوبصورت مناظر اور روزمرہ کی زندگی کو ظاہر کرتی ہوئی 50 سے زائد تصاویر پیش کی گئی ہیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرح ناز اکبر نے کامسیٹس یونیورسٹی کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ نوجوان فوٹوگرافرز نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے ملک کے حقیقی رنگوں کو محفوظ کیا ہے۔ اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کے ریکٹر، پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے بھی فنکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیاں ثقافتی مکالمے اور آرٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔”فریمز آف فریڈم” کی کیوریشن معروف آرٹسٹ فرح محمود رانا نے کی ہے، جس میں فدا محمد، خرم بھٹی، میزان علی میر اور راحیلہ مشتاق سمیت 10 مایہ ناز فوٹوگرافرز کا کام نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ یہ نمائش اسلام آباد کی کامسیٹس یونیورسٹی میں واقع جنید زیدی لائبریری کے بیسمنٹ میں موجود آرٹ گیلری میں 30 ستمبر 2026 تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔

