کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بدھ کو یہاں بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چوتھے اجلاس کی صدارت کی جس میں کمپنی سے متعلق اہم انتظامی، مالی اور آپریشنل امور کا جائزہ لیتے ہوئے متعدد اہم فیصلوں اور تجاویز اور گزشتہ بورڈ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی منظوری دی گئی اجلاس میں بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کی کارکردگی، انتظامی امور، آپریشنل معاملات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر کمپنی کے امور کو مزید مؤثر اور منظم بنانے، آپریشنل استعداد کار میں اضافے اور ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس کی آپریشنل اور انتظامی صلاحیتوں میں مزید بہتری لائی جائے تاکہ ادارہ صوبے میں فضائی سہولیات کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرسکے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کمپنی کے امور میں شفافیت، پیشہ ورانہ نظم و نسق اور مؤثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے جبکہ منظور کیے گئے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد کے لیے واضح میکنزم وضع کیا جائے اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری خزانہ جہانگیر خان، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کیپٹن علی آزاد سمیت بلوچستان ایوی ایشن کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اراکین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

