سیالکوٹ(الفجر آن لائن)محکمہ سوشل ویلفیئر سیالکوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو اینٹی کرپشن ٹیم نے مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
اس سلسلے میں درج کرائی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق گرفتار ملزم شریف گھمن نے ایک ملازم ذیشان سے اس کے تبادلے کے عوض پندرہ ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔
شکایت موصول ہونے پر اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رشوت کی رقم سمیت دبوچ لیا اور اس کے خلاف اینٹی کرپشن تھانے میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
چھاپے کے دوران صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب ملزم کے ساتھیوں نے ریڈنگ ٹیم کو زبردستی دفتر کے اندر بند کر دیا۔ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے سرکاری ٹیم کے ساتھ شدید مزاحمت کی، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور کارسرکار میں مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو حراست سے چھڑا کر فرار ہو گئے۔
اس مزاحمت اور حراست سے چھڑانے کے واقعے پر اینٹی کرپشن ٹیم کی مدعیت میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس مقدمے میں ایک خاتون ملازم سمیت 6 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ تیرہ سے چودہ نامعلوم ملزمان کو بھی شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔
واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے سرکل آفیسر رانا مبشر کا کہنا ہے کہ قانون سے بالاتر کوئی نہیں ہے اور رشوت مانگنے والے سرکاری افسران کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

