کوئٹہ (الفجرآن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں مبینہ تیزاب گردی کا شکار ہونے والی خاتون کا علاج آغا خان اسپتال کراچی سے کرانے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر صوبائی حکومت کے اخراجات پر آغا خان اسپتال کراچی کو باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے تاکہ خاتون کو بغیر کسی تاخیر کے منتقل کیا جا سکے۔
معاونِ وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات شاہد رند نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون کو علاج معالجے کی بہترین اور ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان خاتون کے علاج کے تمام تر اخراجات خود برداشت کرے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی
۔شاہد رند کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس نے تمام زاویوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ خاتون کو طبی امداد کے ساتھ ساتھ مکمل قانونی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ معاونِ اطلاعات نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پر تشدد اور تیزاب گردی جیسے وحشیانہ واقعات کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں ہیں

