
ڈی آئی جی سی آئی اے معاملے کے انکوائری افسر مقرر، آئی جی کی 15 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
عدالت نے ڈی ایس پی اور بیٹے کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا، آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب
کراچی : آئی جی سندھ نے کراچی میں پان کی دکان پر لوٹ مار کے الزام میں گرفتار ڈی ایس پی ظفر جاوید کو معطل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بیٹے کے ہمراہ پان کی دکان پر لوٹ مار کے الزام میں گرفتار ڈی ایس پی ظفر جاوید کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کو معاملے میں انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے 15دن میں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس نے گرفتار ڈی ایس پی ظفر جاوید اور بیٹے فہد جاوید کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کیا اور ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی کا بیٹا باپ کی پولیس موبائل لے کر لوٹ مار کرتا تھا، اس کیس میں ایک ملزم مفرور ہے، جس کی گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے۔ عدالت نے استدعا قبول کرتے ہوئے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیااور آئندہ سماعت پر مقدمے بارے پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ۔