
مسلمانوں کو نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے، عبادت اور حکم صرف اللہ کا ہے، یہی دین ہے،پیغمبرۖپر ایمان لانے،عزت کرنیوالوں نے ہی دنیا میں فلاح پائی ،اللہ متقی لوگوں کو فلاح کیساتھ نجات دیتا ہے، قیامت کے دن انہیں دکھ نہ پہنچے گا جو اللہ کا تقوی اختیار کرے گا ،نمازیں قائم، زکوة ادا کرو،قیامت کے دن دنیا کا دھوکہ ،مال و متاع کسی کے کام نہیں آئے گا،فلسطینی سب سے زیادہ دعاء کے حقدار ہیں ،ان کے پاس کھانا، پانی، امن نہیں ، ڈاکٹر الشیخ ماہر بن حمد المعیقلی
مسجد نمبرہ :مسجدالحرام کے امام و خطیب ڈاکٹر الشیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے عدل کے ساتھ کیا کرو،مصیبتوں اور فساد سے دور رہو، ظلم کرنیوالے کی پکڑ ہوگی، مومنوں کو تکلیف دینے والے کبھی فلاح نہیں پاسکتے،مسلمانوں کو نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے، عبادت اور حکم صرف اللہ کا ہے، یہی دین ہے،پیغمبرۖپر ایمان لانے،ان کی عزت کرنیوالوں نے ہی دنیا میں فلاح پائی ،اللہ متقی لوگوں کو فلاح کیساتھ نجات دیتا ہے، قیامت کے دن انہیں دکھ نہ پہنچے گا جو اللہ کا تقوی اختیار کرے گا ،نمازیں قائم، زکوة ادا کرو،قیامت کے دن دنیا کا دھوکہ اور مال و متاع کسی کے کام نہیں آئے گا،فلسطینی سب سے زیادہ دعاء کے حقدار ہیں ،ان کے پاس کھانا، پانی، امن نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے مسجدالحرام کے امام و خطیب ڈاکٹر الشیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا ہے کہ اللہ تعالی اپنی ذات میں واحد ہے، اللہ تعالی نے حضرت محمدۖ کو رحمت بنا کر بھیجا، جن لوگوں نے پیغمبرۖکی عزت کی، ایمان لائے اور اس نور الٰہی کی پیروی کی جو نازل ہوا، وہ ہی کامیاب لوگ ہیں،دنیا میں پیغمبرۖ کی عزت کرنے والوں نے ہی فلاح پائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رسول ۖ نے فرمایا کہ اے لوگو میں اللہ کا رسولۖ ہوں جس کے ہاتھ میں ساری کائنات ہے، وہی زندہ کرتا اور مارتا ہے، وہ برحق ہے، اس پر ایمان لاؤ۔انہوں نے کہا ہر چیز کا مالک وہ ہے جس نے قرآن کو رحمت بنا کر نازل کیا اور لوگوں کے حالات اچھے کئے، قرآن وہ کتاب ہے جس کی آیات اللہ خبیر کی طرف سے حکمت سے بھری ہوئی ہیں قرآن لوگوں کو سیدھی راہ دکھاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اللہ متقی لوگوں کو فلاح کے ساتھ نجات دیتا ہے، قیامت کے دن انہیں دکھ نہ پہنچے گا جو اللہ کا تقوی اختیار کرے گا اسے وہاں سے رزق ملے گا جہاں اسے گمان بھی نہیں ہوگا، جو متقی ہوگا اللہ اس کے گناہ معاف کرکے اس کا اجر بڑھا دے گا۔انہوں نے کہا کہ عبادت صرف اللہ کی اور حکم صرف اللہ کا ہے یہی دین ہے، اپنے رب کی عبادت کرو جس نے تمہیں اور تم سے پہلے پیدا کیا یہی توحید کی گواہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ واحد ہے جس کا کوئی شریک نہیں ساری تخلیق اور معاملہ اللہ کیلئے ہے، اللہ نے فرمایا میری رحمت نے ہر چیز کو ڈھانپا ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کبھی کسی معاملے پرکسی دوسرے معبودکو نہ پکاراجائے، مصیبت اور پریشانی میں اللہ تعالی سے رجوع کرنا چاہیے کیونکہ حاکمیت اور حقیقی حکمرانی اللہ تعالی کی ذات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اے لوگو اللہ سے ڈرتے رہو اور اس دن سے ڈرو جس دن والد بیٹے کے اور بیٹا والد کے کام نہیں آئے گا، بے شک اللہ کا وعدہ سچا ہے ،تمہیں دنیا کی چمک اور شیطان دھوکے میں نہ ڈال دے،قیامت قائم ہوگی، اس دن کوئی دنیا کا دھوکہ اور مال و متاع کسی کے کام نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ دیکھو مسلمانو، اللہ سے ڈرو، نمازوں کو قائم کرو، انہیں اپنے وقت پر ادا کرو، اللہ تمہیں بڑے قریب سے دیکھ رہا ہے، اسے پتا ہے کہ تم کیا کر رہے ہو، عبادت میں کتنے مخلص ہو، اللہ کے راستے میں صدقہ، خیرات کرو، تمہاری نمازیں، صدقہ، خیرات، تمہاری قربانی اللہ کی رضا کیلئے ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جو شخص رمضان کے مہینے کو پالے، اس کو چاہئے کہ پورے مہینے کے روزے رکھے، اگر صاحب استطاعت ہے تو بیت اللہ کا حج کرے۔انہوں نے کہا کہ اسلام یہ ہے کہ آپ گواہی دیں کہ اللہ کے سوا دنیا میں کوئی معبود نہیں اور نبیۖ اللہ کے نبی اور سچے رسول ہیں اور ایمان یہ ہے کہ آپ ایمان اللہ پر، اس کے رسولوں پر اور جنتی بھی شریعتیں ہیں ان پر ایمان لائیں، جب اللہ کی عبادت کریں تو یہ گمان کریں کہ اگرچہ آپ اللہ کو نہیں دیکھ رہے لیکن اللہ آپ کو دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے حق دار کو حق ادا کرنے کا حکم دیا ہے اس لئے ایمان والوں حقوق العباد کا خیال رکھو اور زکو ةادا کرو۔انہوں نے کہا کہ والدین کا نافرمان نہ دنیا میں کامیاب ہو گا اور نہ آخرت میں، اسلام امانت میں خیانت سے منع کرتاہے ،اللہ تعالی نے فرمایا کسی کا مال نہ ہڑپ کرو۔ انہوں نے کہا کہ اے ایمان والو، اللہ اور رسول ۖکی بات مانو، اللہ نے انسانوں کو اپنی عبادت کیلئے پیدا کیا، اللہ نے فرمایا ہے کسی کو ناحق قتل نہ کرو۔ امام الشیخ ماہر بن حمد نے کہا کہ اسلام فحاشی اور برائی سے بچاتا ہے ،شراب اور جوا شیطانی عمل ہے،مصیبتوں اور فساد سے دور رہو، اللہ نے فرمایا کسی کو الٹے نام سے نہ پکارو، قرآن کہتا ہے جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہوگی، جو مومنوں کو تکلیف دیتے ہیں کبھی فلاح نہیں پاسکتے۔انہوں نے کہاکہ سب سے اچھا انسان وہ ہے جو بیوی بچوں سے اچھا سلوک رکھتا ہے، مسلمانوں کو نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہئے، ارکان اسلام کی پیروی میں ہی ہدایت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام ایک دوسرے کے حقوق کا احترام کرے، اللہ نے فرمایا فیصلے عدل کے ساتھ کیا کرو ۔
انہوں نے کہا کہ اپنے لئے دعائیں کرو اور اپنے والدین کیلئے اور جس نے بھی تم سے صلہ رحمی کی اور تمہارے ساتھ نیکی کی ہے اس کیلئے بھی دعا کرو، اپنے بھائی کی غیر موجودگی میں دعاء کرو، فرشتہ بھی کہے گا تمہیں بھی وہی ملے۔انہوں نے کہا کہ ان کیلئے دعا کرو جو مصیبتوں میں ہیں جیسا کہ فلسطین جہاں جنگ پہنچ چکی وہ ٹوٹ پھوٹ چکے ہیں، اہل فلسطین کیلئے دعا کرو وہاں پانی ،بجلی ،کھانا ،جگہ ،امن نہیں ہے، اپنے ان فلسطینی بھائیوں کیلئے بھی خوب دعا کرووہ اس کے مستحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اور وہ بھی دعا کے حق دار ہیں جنہوں نے انہیں کھانا دیا، ایمبولینس دیں، احسان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کیلئے بھی دعاء کریں جو حرمین شریفین کی خدمت کیلئے اور اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں مصروف ہیں