دہشت گردوں کے ٹھکانے کی تباہی اور اسلحے و دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی اہم کامیابی ہے، بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سازشیں ناکام بنائیں گے، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ، (الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ان کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے کی تباہی اور اسلحے سمیت دھماکہ خیز مواد کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے اور بدامنی پھیلانے کی کوششیں کرنے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعلیٰ کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے خلاف مؤثر کارروائیاں ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے قومی عزم کی عکاس ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار اہم ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات پاکستان کے محفوظ مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی اور پوری قوم امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

