معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر دلی صدمہ ہے، تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات اور عمارتوں کی جانچ یقینی بنائی جائے، سینیٹر روبینہ خالد
اسلام آباد، (الفجرآن لائن): چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے پشاور کے ایک نجی اسکول میں چھت گرنے کے افسوسناک حادثے میں طلبہ اور اساتذہ کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے جاں بحق بچوں اور اساتذہ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر انہیں دلی صدمہ اور افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس المناک حادثے میں جان سے جانے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا کرے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں اور اساتذہ کی جان و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی عمارتوں کی حفاظتی جانچ اور ضروری حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

