اسلام آباد (الفجر آن لائن) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع واشک میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ’فتنہ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ضلع واشک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور فوری و فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے ان کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔
کارروائی کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں تاکہ وہاں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کا سراغ لگا کر اسے ختم کیا جا سکے۔
ان کارروائیوں کا مقصد علاقے کو دہشت گرد عناصر سے پاک کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم بنانا ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ اور معاونت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس مقصد کے لیے وڑن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری شدت اور رفتار سے جاری ہے۔بیان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کا بنیادی مقصد ملک کی سلامتی، شہریوں کے تحفظ اور پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے۔
سیکیورٹی فورسز دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے متعلقہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں۔

