دالبندین (الفجرآن لائن) دالبندین بازار میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو مبینہ طور پر ہلاک اور پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔نعشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا گیا پولیس کے مطابق جمعہ کی دوپہر تقریباً 2 بج کر 20 منٹ پر دو نامعلوم مسلح ملزمان دالبندین بازار میں ڈکیتی کی کوشش کررہے تھے کہ ٹریفک پولیس کے کانسٹیبل جان محمد نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی۔
اس دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری اور ایف سی دالبندین موقع پر پہنچ گئی اور ملزمان کا تعاقب کیا۔
بعدازاں ڈنو پھاٹک کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے، جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔پولیس کے مطابق زخمی کانسٹیبل جان محمد کی حالت بہتر ہے اور زخمی اور نعشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال دالبندین منتقل کردیا گیا مزید کارروائی دالبندین پولیس کررہی ہے۔

