پشاور (الفجر آن لائن) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کی جان و سلامتی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں اسکولوں کی عمارتوں کی ساختی حفاظت کا جامع جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ ایلیمنٹری و ثانوی تعلیم نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) سے تمام اضلاع کے لیے اہل تکنیکی ٹیمیں نامزد کرنے کی درخواست کی ہے، جو متعلقہ ضلعی تعلیمی حکام کے تعاون سے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کریں گی۔
یہ اقدام پشاور کے علاقے دیر کالونی میں الخیر ایجوکیشن سسٹم کی عمارت میں کلاس روم کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے تناظر میں کیا گیا ہے، جس میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا تھا جبکہ طلبہ اور اساتذہ بھی زخمی ہوئے تھے۔
اس واقعے نے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی مضبوطی، تعمیراتی معیار اور حفاظتی انتظامات سے متعلق خدشات کو نمایاں کیا ہے۔
محکمہ ایلیمنٹری و ثانوی تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق نامزد تکنیکی ٹیمیں اسکولوں کی عمارتوں کے مختلف حصوں کا باریک بینی سے جائزہ لیں گی۔
معائنے میں چھتوں، دیواروں، شہتیروں، بنیادوں، سیڑھیوں اور عمارت کے دیگر تعمیراتی حصوں کی موجودہ حالت کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ نقص، کمزوری یا حفاظتی خطرے کی بروقت نشاندہی کی جا سکے

