اسلام آباد(الفجرآن لائن)پاکستان سے روزگار کے لیے بیرونِ ملک جانے والے شہریوں کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئیں۔ دستاویزات کے مطابق بیرونِ ملک جانے والوں میں ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ، نرسیں، آئی ٹی پروفیشنلز، مینیجرز، اکانٹنٹس اور دیگر شعبوں کے ماہرین شامل ہیں۔
فراہم کردہ اعداد و شمار میں 2024 کے دوران 45 ہزار 830، 2025 میں 28 ہزار 726 اور 2026 میں اب تک 15 ہزار 850 اعلی تعلیم یافتہ پاکستانیوں کے بیرونِ ملک جانے کی تفصیلات شامل ہیں۔دستاویزات کے مطابق 2024 میں 23 ہزار 674 مینیجرز بیرونِ ملک روزگار کے لیے گئے، 2025 میں یہ تعداد 9 ہزار 562 جبکہ 2026 میں اب تک 5 ہزار 190 رہی۔
اسی طرح 2024 میں 8 ہزار 15 انجینئرز، 2025 میں 5 ہزار 945 اور 2026 میں اب تک 3 ہزار 605 انجینئرز بیرونِ ملک گئے۔اکاؤنٹنٹس میں سے 2024 میں 4 ہزار 779، 2025 میں 4 ہزار 305 اور 2026 میں اب تک ایک ہزار 771 افراد بیرونِ ملک روزگار کے لیے گئے۔قومی اسمبلی میں پیش کردہ دستاویزات کے مطابق 2024 میں 3 ہزار 625 ڈاکٹرز بیرونِ ملک گئے، 2025 میں یہ تعداد 3 ہزار 795 جبکہ 2026 میں اب تک 2 ہزار 93 رہی۔
اساتذہ میں سے 2024 میں ایک ہزار 729، 2025 میں ایک ہزار 725 اور 2026 میں اب تک ایک ہزار 457 اساتذہ بیرونِ ملک گئے۔نرسوں کی تعداد 2024 میں 2 ہزار 30، 2025 میں ایک ہزار 639 اور 2026 میں اب تک 626 ریکارڈ کی گئی۔
فارماسسٹس میں سے 2024 میں 155، 2025 میں 183 اور 2026 میں اب تک 156 افراد بیرونِ ملک گئے، جبکہ ڈینٹل سرجنز کی تعداد بالترتیب 84، 63 اور 45 رہی۔دستاویزات کے مطابق 2024 میں ایک ہزار 351 کمپیوٹر پروگرامرز بیرونِ ملک گئے، 2025 میں ایک ہزار 147 جبکہ 2026 میں اب تک 664 کمپیوٹر پروگرامرز نے بیرونِ ملک روزگار حاصل کیا۔
سسٹم اینالسٹس کی تعداد 2024 میں 388، 2025 میں 362 اور 2026 میں اب تک 243 رہی۔اعلی مہارت یافتہ پاکستانیوں میں سے 2024 میں ایک ہزار 616، 2025 میں ایک ہزار 510 اور 2026 میں اب تک 681 افراد بیرونِ ملک گئے۔
مالیاتی تجزیہ کاروں کی تعداد 2024 میں 683، 2025 میں 923 اور 2026 میں اب تک 424 رہی۔مشیروں میں سے 2024 میں 836، 2025 میں 512 اور 2026 میں اب تک 228 افراد بیرونِ ملک گئے۔ بجٹ کنٹرولرز کی تعداد بالترتیب 64، 38 اور 18 رہی، جبکہ پائلٹس میں سے 2024 میں 33، 2025 میں 37 اور 2026 میں اب تک 11 افراد بیرونِ ملک روزگار کے لیے گئے۔
دستاویزات میں شامل اعداد و شمار کے مطابق مختلف پیشہ ورانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی بیرونِ ملک ملازمتیں حاصل کر رہے ہیں

