سوشل میڈیا، فوٹوگرافی، ویڈیوز اور ای کامرس کے ذریعے گوادر کے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت، ماہرین
گوادر، (الفجرآن لائن): ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم بلوچستان کے زیرِ اہتمام گوادر یوتھ ٹورزم سمٹ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاحت کے فروغ، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا۔ سمٹ میں سیاحت، ای کامرس اور کاروباری شعبوں سے وابستہ ماہرین نے شرکت کرتے ہوئے بلوچستان کے سیاحتی امکانات اور نوجوانوں کے لیے معاشی مواقع پر تبادلۂ خیال کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹورازم بلوچستان گہرام بخشی نے سیاحت کے فروغ میں نوجوانوں کے کردار کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے بلوچستان کے سیاحتی مقامات کو مؤثر انداز میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
صدر پریس کلب گوادر نور محسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر کے قدرتی حسن، ساحلی مناظر اور ثقافتی ورثے کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے علاقے کی مثبت شناخت کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
سمٹ کے دوران گراں ناز ہوت کی زیرِ نظامت ایک پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مرتسم اقبال، زلیخا طارق، زہرہ خلیل اور عائشہ مراد بخش نے شرکت کی۔ پینل میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ای کامرس اور کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
شرکاء نے کہا کہ سوشل میڈیا، فوٹوگرافی اور ویڈیوز کے مؤثر استعمال سے گوادر کے ساحلوں، قدرتی مناظر اور ثقافتی ورثے کو وسیع پیمانے پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نوجوانوں کو سیاحت سے متعلق کاروبار شروع کرنے، اپنی خدمات کی تشہیر کرنے اور ممکنہ صارفین تک رسائی حاصل کرنے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
ماہرین نے نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ جدید ڈیجیٹل ذرائع اور آن لائن کاروباری پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں نئی سرگرمیوں کو فروغ دیں
یوتھ ٹورزم سمٹ میں سیاحوں کے تحفظ، سیکیورٹی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو سیاحت کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ سیاحوں کے لیے محفوظ ماحول، بہتر سہولیات اور مناسب انتظامات کی دستیابی سیاحتی مقامات کی کشش بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔
اس موقع پر حکومت، نجی شعبے اور مقامی کمیونٹی کے درمیان مؤثر اشتراکِ عمل کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ شرکاء کے مطابق سیاحت کے پائیدار فروغ کے لیے مناسب وسائل کی فراہمی، نوجوانوں کی تربیت اور مقامی کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔
سمٹ کے شرکاء نے کہا کہ گوادر اپنے قدرتی حسن، سمندری ورثے اور منفرد ثقافت کے باعث ملکی اور بین الاقوامی سیاحت کے فروغ کے وسیع امکانات رکھتا ہے۔ سیاحتی سرگرمیوں میں اضافے سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
شرکاء کے مطابق نوجوانوں کی فعال شمولیت، جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میڈیا کا مؤثر استعمال بلوچستان کے سیاحتی تشخص کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

