آئی جی پولیس بلوچستان سے ملاقات، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات اور ضلع تمپ میں مقامی نوجوانوں کی بھرتیوں پر تبادلۂ خیال
کوئٹہ(الفجرآن لائن): صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹرز سے بھتہ خوری اور بھتہ نہ دینے پر گاڑیاں جلانے کے واقعات قابلِ مذمت ہیں۔ محنت کشوں اور ٹرانسپورٹرز کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔
اس حوالے سے صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر حیات سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں مکران ڈویژن، بالخصوص ضلع کیچ اور نئے ضلع تمپ میں ٹرانسپورٹرز کے تحفظ، بھتہ خوری کی روک تھام اور پولیس میں مقامی نوجوانوں کی بھرتیوں سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مینا مجید بلوچ نے کالعدم تنظیموں کی جانب سے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز سے مبینہ بھتہ خوری اور مطالبات پورے نہ ہونے پر گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات سے محنت کش طبقے کے معاشی حالات بری طرح متاثر ہوتے ہیں، کیونکہ متعدد خاندانوں کی روزی روٹی کا انحصار ایک ہی گاڑی پر ہوتا ہے۔
انہوں نے آئی جی پولیس بلوچستان پر زور دیا کہ بھتہ خوری اور ٹرانسپورٹرز کو ہراساں کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے اور تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور محنت کشوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر حیات نے یقین دہانی کرائی کہ تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے تحفظ، بھتہ خوری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
ملاقات میں ضلع تمپ کے نوجوانوں کے لیے پولیس میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے بتایا کہ ضلع کیچ اور گوادر کے بعد اگلے مرحلے میں ضلع تمپ کے لیے پولیس بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور علاقے میں پولیسنگ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان عوام کے جان و مال کے تحفظ، تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعلقہ سیکیورٹی اور انتظامی اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات جاری رکھے گی۔

