سرحد کی عارضی بندش کا مقصد سیکیورٹی خدشات کا ازالہ، اسمگلنگ کی روک تھام اور مؤثر نگرانی کا نظام وضع کرنا ہے، معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ پاک ایران بارڈر کی عارضی بندش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، عوام غیر مصدقہ اطلاعات پر توجہ دینے کے بجائے مستند معلومات پر اعتماد کریں۔ سرحد کی عارضی بندش کا بنیادی مقصد دونوں اطراف سیکیورٹی خدشات کا ازالہ، اسمگلنگ کی روک تھام اور سرحدی امور کی مؤثر نگرانی کے لیے مربوط نظام وضع کرنا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ سرحدی انتظامات کو بہتر بنانے اور متعلقہ مسائل کے حل کے لیے پاکستان اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان مثبت پیش رفت جاری ہے۔ انتظامی معاملات کو درست خطوط پر استوار کرنے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پاک ایران بارڈر جلد کھلنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی نظام کو مؤثر اور مربوط بنانے سے نہ صرف اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ سرحدی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں بھی پیش رفت ہوگی۔ اس کے ساتھ قانونی تجارت سے وابستہ تاجروں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا ہوگا۔
شاہد رند نے واضح کیا کہ سرحدی امور سے متعلق انتظامی اور سیکیورٹی اقدامات کا مقصد تجارت میں غیر ضروری مشکلات پیدا کرنا نہیں بلکہ سرحدی نظام کو منظم، محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔ انہوں نے عوام اور متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ افواہوں پر یقین کرنے کے بجائے مستند ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور نے امید ظاہر کی کہ جاری مثبت پیش رفت کے نتیجے میں سرحدی معاملات میں بہتری آئے گی، اسمگلنگ اور بدامنی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور قانونی تجارت سے وابستہ تاجروں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔

