راولپنڈی(الفجر آن لائن)پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی سربراہی میں جامعہ نے داخلوں کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سمسٹر خزاں 2026 میں 4500 سے زائد نئے طلبہ کو داخلہ دے دیا ہے۔
یونیورسٹی کے جاری کردہ گزشتہ چار سالہ تقابلی اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 کے 2,600 داخلوں کے مقابلے میں رواں سال داخلوں کی شرح میں 65.4 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ گزشتہ سال 2025 کے 4,100 داخلوں کے مقابلے میں بھی داخلوں کی شرح میں قریباً 10 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جو تعلیمی معیار پر عوامی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
چار سالہ اعداد و شمار کے تقابلی جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ خزاں 2023 میں داخل ہونے والے طلبہ کی تعداد 3,000 تھی جو خزاں 2024 میں کم ہو کر 2,600 رہ گئی تھی، یعنی اس دوران 13.3 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔
تاہم خزاں 2025 میں جامعہ نے زبردست بحالی کا مظاہرہ کیا اور داخلوں کی تعداد 57.7 فیصد کے نمایاں اضافے کے ساتھ 4,100 تک پہنچ گئی۔
اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے سمسٹر خزاں 2026 میں داخلوں کی تعداد نے 4500 سے تجاوز کر کے ایک نیا تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے اس تاریخی کامیابی پر فیکلٹی اراکین، انتظامی افسران اور ایڈمیشن ٹیموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری یونیورسٹی برادری کی انتھک محنت کا ثمر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اور یونیورسٹی میں روایتی زراعت اور لائیو اسٹاک کے علاوہ کمپیوٹر سائنسز، آئی ٹی، سوشل و نیچرل سائنسز، مینجمنٹ سائنسز، انجینئرنگ اور بائیو ٹیکنالوجی جیسے جدید علوم میں طلبہ کی بڑی تعداد میں شمولیت ادارے کے بہترین تعلیمی اور تحقیقی ماحول کا اعتراف ہے۔
یونیورسٹی کے ترجمان و ڈائریکٹر ڈی آئی ٹی ایس ڈاکٹر ندیم احمد ملک نے کہا کہ طلبہ کا بارانی زرعی یونیورسٹی کا انتخاب دراصل جامعہ کی اعلیٰ تعلیمی ساکھ، پریکٹیکل لرننگ اور جدید لیبارٹریز پر مکمل اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی دوراندیش قیادت اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی طلبہ کو جدید ترین سہولیات اور معیاری تعلیم کی فراہمی جاری رکھے گی

