جمہوریت، عوامی حقوق اور اصولوں کی بالادستی کے لیے جانیں قربان کرنے والے جیالے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، صوبائی وزیر
کوئٹہ (الفجر آن لائن) صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور شہداء کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
اپنے بیان میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ سانحۂ کارساز پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں۔ اس سانحے میں جمہوریت، عوامی حقوق اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے والہانہ محبت کے جذبے سے سرشار پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے قربانیوں کی ایک لازوال مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں جمہوری جدوجہد کا قیمتی اثاثہ ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان بہادر کارکنوں نے اپنے لہو سے جمہوریت کی شمع روشن رکھی اور ثابت کیا کہ عوامی حقوق، جمہوری اقدار اور اصولوں کی بالادستی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ شہداءِ کارساز کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن، آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کے استحکام، عوامی خدمت اور معاشرے میں مساوات کے مشن کو ثابت قدمی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ شہداءِ کارساز کا لہو ہماری جمہوری جدوجہد کی پہچان ہے۔ ان کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی اور ان کا مشن آنے والی نسلوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔
۔

