جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور سیاسی رواداری کے فروغ کے لیے شہداء کے مشن کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، صوبائی وزیر صحت بلوچستان
کوئٹہ (الفجر آن لائن): صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سانحہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک باب ہے، جو جمہوریت، عوامی حقوق اور سیاسی جدوجہد کے لیے قربانیاں دینے والے کارکنوں کی لازوال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔
اپنے پیغام میں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جس کی قیادت اور کارکنوں نے جمہوریت کی بقا، عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے سانحہ کارساز کے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستانی قوم اور جمہوری قوتوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ سانحہ کارساز ہمیں اتحاد، برداشت، سیاسی رواداری اور جمہوری اقدار کے احترام کا درس دیتا ہے۔ ہمیں شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوری روایات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

