شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن، عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوریت کے استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان
کوئٹہ (الفجر آن لائن): صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے سانحۂ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں پاکستان پیپلز پارٹی کی جمہوری جدوجہد کی روشن مثال ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
سانحۂ کارساز کی برسی کے موقع پر اپنے بیان میں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ 18 اکتوبر پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ کا ایک المناک باب ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی کے موقع پر کراچی کے علاقے کارساز میں دہشت گردی کے ہولناک واقعے میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ سانحہ جمہوریت، عوامی حقوق اور آئین کی بالادستی کے لیے پیپلز پارٹی کی طویل جدوجہد کی دردناک یاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کی قربانیاں ہماری سیاسی تاریخ کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کارکنوں نے ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی کی جدوجہد محض نعروں تک محدود نہیں بلکہ عوام سے وابستگی، جمہوری اصولوں اور نظریے سے غیر متزلزل وفاداری پر مبنی ہے۔ ان کی قربانیاں ہمیں یہ پیغام دیتی ہیں کہ مشکلات اور آزمائشوں کے باوجود اپنے اصولوں پر ثابت قدم رہنا ہی حقیقی عزم ہے۔
مینا مجید بلوچ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن، ان کے سیاسی فکر و فلسفے اور عوامی خدمت کے نظریے کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ بلوچستان کے نوجوان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن بھی اس جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور ایک منصفانہ معاشرے کے قیام کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحۂ کارساز کے شہداء کو حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنے کا تقاضا ہے کہ ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے اور ایک مضبوط، جمہوری اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کیا جائے۔

