شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن عوامی خدمت، خواتین کو بااختیار بنانا اور محروم طبقات کی فلاح ہے، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام
اسلام آباد (الفجر آن لائن): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں اور ان کی جدوجہد جمہوریت، امن اور عوامی خدمت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن عوام کی خدمت، خواتین کو بااختیار بنانے اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود ہے۔ اس مشن کو آگے بڑھانا اور عوامی خدمت کے ذریعے معاشرے میں بہتری لانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خواتین کی معاشی خودمختاری اور انہیں باوقار زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانا اور غریب خاندانوں کو معاشی سہارا فراہم کرنا پروگرام کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کا مشن جمہوریت، امن اور عوامی خدمت کے ذریعے آگے بڑھانا ہوگا۔ ان کی قربانیاں ہمیں عزم، حوصلے اور عوامی خدمت کے راستے پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق خواتین کی معاشی خودمختاری، مستحق خاندانوں کی فلاح اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

