خواتین کی صحت کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، علامات نظرانداز کرنے کے بجائے مستند معالج سے رجوع کیا جائے، میر سرفراز بگٹی
,کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بریسٹ کینسر سے آگاہی کے مہینے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس مرض کے خلاف مؤثر جدوجہد کے لیے عوامی آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک رسائی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خواتین کی صحت کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات بہتر ہو سکتے ہیں، اس لیے خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیں اور کسی بھی غیر معمولی تبدیلی کی صورت میں فوری طور پر مستند معالج سے طبی مشورہ حاصل کریں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بریسٹ کینسر کی علامات کو نظرانداز کرنے کے بجائے بروقت طبی رہنمائی حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس مرض سے متعلق خوف، غلط فہمیوں اور سماجی جھجک کو دور کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہمات چلانے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین بلاجھجک طبی معائنہ اور علاج کروا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین تک بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی، اسکریننگ اور علاج کی سہولیات کی رسائی بہتر بنائی جائے، تاکہ جغرافیائی اور سماجی رکاوٹوں کے باعث کوئی خاتون ضروری طبی سہولیات سے محروم نہ رہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بریسٹ کینسر سے متاثرہ خواتین کو خوف یا تنہائی کا شکار ہونے کے بجائے حوصلہ افزائی، ہمدردی اور بھرپور سماجی تعاون فراہم کیا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں خاندانوں، طبی ماہرین، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج تک رسائی خواتین کے لیے امید اور بہتر مستقبل کی بنیاد ہیں۔ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ کوششوں سے اس مرض کے خلاف مؤثر اقدامات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔


