ممبئی (الفجرآن لائن) بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف کی رہائش گاہ کے قریب فائرنگ کے واقعے نے بھارتی فلمی صنعت میں سیکیورٹی کے حوالے سے تشویش پیدا کر دی ہے۔ ممبئی پولیس نے واقعے میں ملوث تین نامعلوم مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات تیز کر دی ہیں۔
اداکار اس واقعے میں محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور ایک راہ گیر کو گولی لگنے سے زخمی ہونے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتوار کی شام ممبئی کے علاقے جوہو کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ٹائیگر شروف کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر پانچ فائر کیے، جس کے نتیجے میں اداکار کے ڈرائیور فردوش اور ایک راہ گیر امیش چوہان زخمی ہوئے۔ دونوں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی اور حکام کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر تھی۔
واقعے کے بعد ممبئی پولیس اور کرائم برانچ نے تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دیں اور مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی۔
حکام نے واقعے کے سلسلے میں متعلقہ افراد کے بیانات ریکارڈ کرنے کا عمل بھی شروع کیا ہے۔واقعے کے بعد بالی ووڈ کی معروف شخصیات اور فلمی حلقوں میں فنکاروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے بحث شروع ہو گئی ہے

