اسلام آباد (الفجرآن لائن) پاکستانی ڈراموں کے معروف اداکار عمران عباس نے ٹیلی ویڑن اداکاری سے گزشتہ دو سے تین برس کے دوران دوری اختیار کرنے اور اب رئیل اسٹیٹ و تعمیراتی منصوبوں پر توجہ دینے کے بارے میں اہم انکشافات کیے ہیں۔
اداکار کے مطابق وہ اسلام آباد میں تعمیراتی سرگرمیوں سے وابستہ ہیں اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک ٹاور کی تعمیر کا منصوبہ بھی شروع کر چکے ہیں۔
عمران عباس نے ایک نجی ٹیلی ویڑن پروگرام میں ٹیلی فون کے ذریعے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ دو سے تین برس سے ٹیلی ویڑن ڈراموں میں کام نہیں کر رہے۔
جس کی وجہ ان کی توجہ کاروبار اور تعمیراتی منصوبوں پر مرکوز ہے، جس میں ان کا فنِ تعمیر سے متعلق تعلیمی پس منظر بھی معاون ثابت ہو رہا ہے۔اداکار نے انکشاف کیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب زیرِ تعمیر ٹاور کا منصوبہ ان کے کاروباری مستقبل کا اہم حصہ ہے۔
ان کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل میں تقریباً ڈھائی سال لگ سکتے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد مداحوں میں ان کے مستقبل کے شوبز منصوبوں اور اداکاری میں ممکنہ واپسی کے حوالے سے دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔
عمران عباس پاکستان کے معروف ٹیلی ویڑن اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اپنے ڈرامائی کرداروں کے ذریعے نمایاں مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔ ان کے مداح انہیں مختلف ٹیلی ویڑن پروڈکشنز میں دیکھنے کے خواہش مند رہے ہیں

