بلال خان کاکڑ کا سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اظہار، معدنیات، زراعت، توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں
لاہور(الفجرآن لائن): بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے پُرعزم ہیں۔ اسی سلسلے میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے اشتراک سے بلوچستان اکنامک اینڈ انویسٹمنٹ فورم 2026، 21 اکتوبر کو لاہور میں منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین اور نائب صدر ذکی اعجاز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلال خان کاکڑ کے مطابق فورم کا مقصد بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ صوبے کی جانب مبذول کرانا اور کاروباری برادری کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانا ہے۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے مالا مال ہے۔ معدنیات، زراعت، لائیوسٹاک، ماہی گیری، توانائی اور سیاحت سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے نمایاں مواقع موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کی معاشی ترقی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وائس چیئرمین بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گرد پسپا ہو رہے ہیں۔ ان کے بقول گزشتہ ماہ دہشت گردوں کے خلاف ہونے والی کارروائیاں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہیں۔
اس موقع پر ذکی اعجاز نے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اور ایف پی سی سی آئی کے اشتراک کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون صوبے کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادے اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
فورم کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات متعارف کرانے، کاروباری روابط بڑھانے اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔

