جتک ہاؤس کوئٹہ میں حلقۂ انتخاب کے دوستوں اور معززین سے ملاقات، مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
کوئٹہ(الفجرآنلائن): صوبائی وزیر حاجی میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ عوامی خدمت، لوگوں کے مسائل کا حل اور حلقۂ انتخاب کی ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ عوامی نمائندگی کا اصل مقصد عوام کی مشکلات کو سمجھنا، ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جتک ہاؤس کوئٹہ میں حلقۂ انتخاب سے تعلق رکھنے والے دوستوں اور معززین سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں شرکاء نے صوبائی وزیر کو عوام کو درپیش مسائل، مشکلات اور مختلف امور سے آگاہ کیا، جن پر حاجی میر علی مدد جتک نے غور سے گفتگو سنی اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام اور ان کے درمیان مضبوط رابطہ مؤثر عوامی خدمت کی بنیاد ہے۔ وہ اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے پر یقین رکھتے ہیں تاکہ مسائل کی بروقت نشاندہی کرکے ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جتک ہاؤس عوام کے لیے ہمیشہ کھلا ہے اور حلقۂ انتخاب سے تعلق رکھنے والے افراد اپنے مسائل اور شکایات کے سلسلے میں بلا جھجھک رابطہ کر سکتے ہیں۔ عوام کی خدمت ان کے لیے اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی، جسے وہ پوری دیانت داری اور خلوص کے ساتھ نبھاتے رہیں گے۔
ملاقات کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی رابطوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور حلقۂ انتخاب کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

