پی پی ایچ آئی بلوچستان کا ڈیجیٹل اقدام، شہریوں کو 24 گھنٹے مستند ڈاکٹروں سے طبی مشاورت کی سہولت دستیاب ہوگی

کوئٹہ(الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے کے شہریوں کو معیاری، آسان اور بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پی پی ایچ آئی بلوچستان نے ’’صحت دہلیز‘‘ (Sehat Dehleez) ٹیلی ہیلتھ ایپ متعارف کرا دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے طبی سہولیات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانا اور بالخصوص دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے ڈاکٹرز سے مشاورت کو آسان بنانا ہے۔
صحت دہلیز ایپ کے ذریعے شہری 24 گھنٹے مستند ڈاکٹروں سے طبی مشاورت حاصل کر سکیں گے۔ اس ڈیجیٹل سہولت کے ذریعے گھر بیٹھے ڈاکٹر سے رابطہ، عام بیماریوں کے علاج سے متعلق رہنمائی اور صحت کے حوالے سے آگاہی حاصل کی جا سکے گی۔ ایپ میں ماؤں اور بچوں کی صحت سے متعلق مشاورت کی سہولت بھی شامل ہے۔
اس اقدام کے ذریعے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں طبی رہنمائی تک رسائی بہتر بنانے، علاج معالجے کے لیے غیر ضروری سفری مشکلات کم کرنے اور صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ سہولت بالخصوص ان علاقوں کے رہائشیوں کے لیے معاون ثابت ہو سکتی ہے جہاں طبی مراکز تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
پی پی ایچ آئی بلوچستان کے مطابق صحت دہلیز ٹیلی ہیلتھ ایپ کا مقصد طبی مشاورت کی سہولیات کو مزید مؤثر، آسان اور عوام دوست بنانا ہے، تاکہ شہری ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے بروقت طبی رہنمائی حاصل کر سکیں۔
شہری صحت دہلیز کی ویب ایپ اور اینڈرائیڈ ایپ تک رسائی کے لیے فراہم کردہ کیو آر کوڈز اسکین کر سکتے ہیں۔ صحت دہلیز کا اجرا بلوچستان میں ڈیجیٹل صحت کے فروغ اور طبی مشاورت کو عوام کی دسترس میں لانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔


