راہزنی، موٹر سائیکل اور گھریلو چوری میں ملوث تین گروہوں کے پانچ ارکان بھی شامل، 19 موبائل فونز اور نو مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد
اسلام آباد(الفجرآن لائن): اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلاامتیاز کارروائیاں کرتے ہوئے 65 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں راہزنی، موٹر سائیکل چوری اور گھریلو چوری کی وارداتوں میں ملوث تین گروہوں کے پانچ ارکان بھی شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے 19 قیمتی موبائل فونز، طلائی زیورات، نقدی، نو مسروقہ موٹر سائیکلیں اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کے خصوصی احکامات پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں پولیس ٹیموں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا۔
کارروائیوں کے دوران غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش میں ملوث 10 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 10 پستول معہ ایمونیشن برآمد ہوئے۔ اسی طرح منشیات فروشی میں ملوث تین ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، جن کے قبضے سے 1,255 گرام چرس، 270 گرام ہیروئن اور 480 گرام آئس برآمد کی گئی۔
پولیس کے مطابق مجرمان اشتہاری اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کے لیے جاری خصوصی مہم کے دوران بھی 47 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا مقصد شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے ساتھ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
ڈی آئی جی اسلام آباد علی وسیم نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار 15 پر اطلاع دیں، تاکہ عوام اور پولیس کے باہمی تعاون سے جرائم کی روک تھام اور وفاقی دارالحکومت کو محفوظ بنانے کے اقدامات مزید مؤثر کیے جا سکیں۔

