ہیری بروک کی ڈبل سنچری رائیگاں، پون رتنائیکے کے 130 رنز، سری لنکا کی سنسنی خیز فتح
راولپنڈی(الفجرآن لائن)سری لنکن ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں تاریخ رقم کر دی، 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کر کے انگلینڈ کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، انگلش کپتان ہیری بروک کی ڈبل سنچری بھی رائیگاں گئی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کے تیسرے اور تاریخی میچ میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے کر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا ایک بڑا کارنامہ سرانجام دے دیا۔ میچ میں سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ ابتدائی طور پر انگلینڈ کے پہاڑ جیسے اسکور کے باعث مشکل نظر آیا، تاہم سری لنکن بلے بازوں نے ناممکن کو ممکن بناتے ہوئے 430 رنز کا یہ ریکارڈ ہدف 49.5 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، جس میں انگلش کپتان ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 21 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے شاندار 202 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور وہ انگلینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ انگلینڈ کی اننگز میں جوئے روٹ نے 69، ول جیکس نے ناٹ آؤٹ 66، ٹام بینٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز بنائے، جبکہ سری لنکا کی جانب سے دونتھ ویلالگے نے دو، اسیتھا فرنینڈو اور جینتھ لیانگے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، یاد رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سب سے بڑا اسکور 2023 میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف 337 رنز بنایا تھا۔ جواب میں سری لنکا کی طرف سے پون رتنائیکے نے 106 گیندوں پر 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 130 رنز کی باری کھیلی، اویشکا فرنینڈو اور ڈاسن شاناکا نے 97، 97 رنز بنائے جبکہ جینتھ لیانگے نے 61 رنز کی ناٹ آؤٹ ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جبکہ انگلینڈ کے باؤلرز میں جوش ٹونگ نے 3، سیم کرن نے 2، جیمی اوورٹن اور لیام داؤسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا#/s#

