تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ اور شاہراہ کے قریب ہوٹل کو نشانہ بنانے کی کوشش، جی او سی گوادر آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں، سکیورٹی ذرائع
گوادر (الفجر آن لائن): گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر حملے کی کوشش سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران تین دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) گوادر خود آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے گوادر میں ایک تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مزید دہشت گردوں کو گھیرے میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں، تاہم ان کی تعداد کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب گوادر شاہراہ کے قریب واقع ایک ہوٹل میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے دو مختلف مقامات پر حملوں کی کوشش کی، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کارروائیاں شروع کر دیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور صورتِ حال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا مقصد حملے کی کوششوں کو ناکام بنانے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کو یقینی بنانا ہے۔
نوٹ: مزید دہشت گردوں کی تعداد اور آپریشن کے حتمی نتائج سے متعلق تفصیلات کی باضابطہ تصدیق سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔

