میر سرفراز بگٹی کا عزم، بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور ترقی کا راستہ روکنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر میں دہشت گردوں کی کارروائی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سات دہشت گردوں کو ہلاک کرکے تخریبی منصوبہ ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کے عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے عوام کو خوفزدہ کرنے اور صوبے میں بدامنی پھیلانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ بلوچستان کی تعمیر و ترقی، امن و استحکام اور عوام کے روشن مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے، جس پر پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔ صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں اور معاشی سرگرمیوں کو نشانہ بنانے والے عناصر صوبے کی ترقی کا سفر نہیں روک سکتے۔ حکومت بلوچستان عوام کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کی بہتری اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز باہمی تعاون سے امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بناتے رہیں گے اور صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

