کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام پوسٹوں کی منظوری، افسران و عملے کی تعیناتی جلد ہوگی؛ رکھنی کو مثالی ڈویژن بنانے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کا عزم
شمالی ڈیرہ بگٹی (الفجر آن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری خدمات کی فراہمی اور سول حکومت تک رسائی آسان بنانے کے لیے صوبے میں نئے صوبوں کے ساتھ چھوٹے ڈویژنز اور اضلاع کا قیام بھی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوہ سلیمان ڈویژن کی تمام ڈویژنل پوسٹوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور ان پر افسران و عملے کی تعیناتی بہت جلد عمل میں لائی جائے گی۔
شمالی ڈیرہ بگٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مخصوص جغرافیائی حالات اور عوامی ضروریات کے پیش نظر چھوٹے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہے، تاکہ شہریوں کو سرکاری محکموں تک رسائی کے لیے طویل فاصلوں اور دیگر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث اب شروع ہوئی ہے، جبکہ انہوں نے بلوچستان کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمل پر دو سال قبل ہی کام شروع کر دیا تھا۔ ان کے مطابق انتظامی ڈھانچہ ایسا ہونا چاہیے جس میں ریاستی اداروں اور سول حکومت کی موجودگی عوام کے قریب ہو اور سرکاری امور کی انجام دہی میں آسانی پیدا ہو۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت رکھنی کو بلوچستان کا مثالی ڈویژن بنانے اور اسے ترقی کے میدان میں نمایاں مقام دلانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ رکھنی کو ڈویژن کا درجہ پہلے ہی مل جانا چاہیے تھا، تاہم اب وہاں ترقیاتی عمل کا آغاز ہو چکا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ رکھنی میں ترقیاتی منصوبوں کو بدعنوانی اور کمیشن مافیا سے پاک رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات خود ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کر رہا ہے، تاکہ شفافیت برقرار رہے اور عوامی وسائل درست انداز میں استعمال ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ رکھنی میں ترقیاتی منصوبے شفاف طریقے سے مکمل ہوں اور ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔
گوادر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
گوادر میں دہشت گردی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے تعمیراتی کمپنی کی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، فرنٹیئر کور اور پولیس کی قربانیاں اور کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگست کے بعد صوبے میں دہشت گردی کے واقعات کے رجحان میں کمی آنا ایک مثبت پیش رفت ہے، جو سکیورٹی فورسز کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہنی چاہئیں۔
میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بلوچستان سے دہشت گردی کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ فرمائے اور صوبے میں پائیدار امن، استحکام اور ترقی کے لیے راستے ہموار ہوں۔

